حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم ) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی اور انسانیت کا دین ہے۔عورتوں کو ہر قسم کے حقوق دیئے اور عزت و احترام کو یقینی بنایا۔ مسلمان عورت سیدہ کائنات حضرت فاطمة الزہرا اور زوجہ رسول حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہما کی پیروی کرکے اپنے گھر کو جنت بناسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین مبین نے عورت کا احترام معاشرے کے ہر فرد پر لازم قرار دیاہے۔ اسلام میں عورت کا اعلیٰ مقام ہے۔ جو اسے ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی شکل میں عطا کیا گیا ہے۔ مرد کی مردانگی قابل فخر ہے اور نہ ہی عورت کی نسوانیت باعث شرم ۔ ترقی یافتہ معاشرے میں عورت کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔
پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ عورتوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے، انہیں جائیداد سے محروم رکھنا یا دیگر معاشرتی مسائل سے نجات حاصل ہونی چاہیے۔ عورت غیر اسلامی رویوں کو چھوڑ کر اپنے حقوق کے لیے ضرور آواز بلند کرے مگر عورت مارچ کے نام پر بے ہودہ نعروں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
جمعیت علمائے پاکستان سواد اعظم کے مرکزی صدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ خواتین کو اسلام کے مطابق حقوق حاصل ہونے چاہیں۔ این جی اوز مافیا معاشرے کو خراب نہ کرے، مزید کہا کہ زمانہ جاہلیت میں بچیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، اسلام نے اس غیر انسانی فعل سے منع فرمایا اور بچیوں کو زندہ رہنے کا حق دیا۔